سپر پنک مون کسے کہتے ہیں اور آپ اس کا نظارہ کیسے کر سکتے ہیں؟

سپر پنک مون کسے کہتے ہیں اور آپ اس کا نظارہ کیسے کر سکتے ہیں؟

سپر پنک مون کا بہترین نظارہ منگل 7 اپریل سے بدھ 8 اپریل کے درمیان ممکن ہے لیکن اس کا انحصار موسمی حالات اور آپ دنیا میں جہاں رہتے ہیں، اس پر ہے۔

اگرچہ اسے ‘سپر پنک مون’ پکارا جاتا ہے لیکن حقیقت میں یہ گلابی نہیں نظر آئے گا۔

آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس چاند کا یہ نام کیسے رکھا گیا اور آپ سپر پنک مون کا نظارہ کہاں اور کیسے کر سکتے ہیں۔

اس سُپر مون میں ایسا کیا سُپر ہے؟


اپریل کے سُپر مون میں ‘سُپر’ اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ یہ آسمان میں بڑا نظر آئے گا۔جب چاند زمین کے قریبی نقطہ پر (یا 90 فیصد کے اندر) ہوتا ہے تو یہ ‘سپر مون’ کہلاتا ہے۔

دوسرے الفاظ میں، چاند ایک کامل دائرے میں زمین کا چکر نہیں لگاتا۔ کبھی یہ قریب ہوتا ہے، کبھی تھوڑا اور کبھی دور۔

جب یہ اپنے قریب ترین مقام پر ہوتا ہے تو اس کو پیریجی (زمین کے قریب ترین بیضوی دائرے کا پوائنٹ) کہا جاتا ہے اور ایک سپرمون اس وقت ہوتا ہے جب پیریجی چاند بھی مکمل چاند ہوتا ہے۔

آپ سُپر پنک مون کیسے دیکھ سکتے ہیں؟


اس چاند کو دیکھنے کے بہترین وقت کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ دنیا میں کہاں رہتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ماہرین کی تجاویز کے مطابق، آسٹریلیا اور ایشیا کے بہت سارے علاقوں میں شاید بدھ 8 اپریل کو آپ اس سُپر پنک مون کا بہترین نظارہ کر پائیں۔

لیکن شمالی امریکہ اور یورپ کے ساتھ ساتھ جنوبی امریکہ اور افریقہ کے لوگوں کے لیے بھی منگل 7 اپریل کی شام بہترین وقت ہے۔

اس سے قطع نظر کہ آپ دنیا میں کہیں بھی ہوں، ان تاریخوں کے آس پاس کے دنوں میں بھی آپ اس چاند کے حیرت انگیز نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

آپ کو اپنے مقامی طلوع آفتاب اور چاند کے اوقات کا جائزہ لینا چاہئے اور دنیا کے جس حصے میں آپ ہیں وہاں چاند کے آسمان کی جانب سفر کی سمت کا تعین کریں۔

COMMENTS